ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’ وکاس ‘ کا نیا تیور ،سست رفتاری سے’ وکاس ‘ اوندھے منھ جا پڑا ۔اسمارٹ سٹی پروجیکٹ : اب تک صرف 7 فیصد فنڈ ہی استعمال ہوا 

’ وکاس ‘ کا نیا تیور ،سست رفتاری سے’ وکاس ‘ اوندھے منھ جا پڑا ۔اسمارٹ سٹی پروجیکٹ : اب تک صرف 7 فیصد فنڈ ہی استعمال ہوا 

Sun, 31 Dec 2017 11:06:56    S.O. News Service

نئی دہلی 30دسمبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) مودی حکومت کا خصوصی اسمارٹ سٹی منصوبہ اپنی برق رفتاری اور ’ وکاس ‘ کے خبط ہونے کی وجہ سے پٹری اترکر اوندھے منھ جا پڑا ۔ ملک کے شہروں کو ہائی ٹیک بنانے وا لے اس منصوبے میں کام کافی سست رفتار سے چل رہا ہے۔ اس کے لئے جاری کئے گئے فنڈ کا اب تک صرف 7 فیصد استعمال ہو پایا ہے۔ واضح ہو کہ اس بات کا انکشاف شہری ترقی کی وزارت کے اعداد و شمار سے ہوا ہے۔ اسمارٹ سٹی مشن کے تحت 60 شہروں کے لئے جاری کئے گئے 9.860کروڑ روپے میں سے صرف 675 کروڑ روپے اب تک خرچ ہو پا ئے ہیں ؛ لیکن برسراقتدا ر طبقہ میڈیا کے ذریعہ خود ستائی کے مرض میں مبتلا ہے ۔ اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد شہری ترقی کی وزارت نے فکر مندی کا اظہار کیا ہے ۔ شہری ترقی کی وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق 40 شہروں کے لئے جاری کئے گئے 196۔196 کروڑ روپے میں سے سب سے زیادہ 80.15 کروڑ روپے احمد آباد نے خرچ کئے ہیں۔ فنڈ کا استعمال کرنے کے معاملے میں 70.69 کروڑ روپے کے ساتھ اندور دوسرے نمبر پر ہے۔ 43.41 کروڑ روپے کے اخراجات کے ساتھ سورت تیسرے اور 42.86 کروڑ روپے کے استعمال کے ساتھ بھوپال چوتھے نمبر پر ہے۔ کچھ شہر تو اپنے فنڈ سے 1 کروڑ روپے تک بھی استعمال کر پائے ہیں ۔رانچی نے اب تک صرف 35 لاکھ، انڈمان نکوبار نے 54 لاکھ اور اورنگ آباد نے 85 لاکھ روپے خرچ کئے ہیں ۔ شہری ترقی کی وزارت کے ایک ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت شہروں کی اس کارکر دگی اور ’ وکاس ‘ کی سست رفتاری سے خوش نہیں ہے اس نے اس صورت حال پر تشویش ظاہر کی ہے۔ وزارت کے ذرائع نے کہا کہ شہری ترقی کی وزارت خراب کارکردگی کرنے والے شہروں سے بات کرکے انہیں پروجیکٹس کو تیزکرنے کو کہے گی ۔ 111 کروڑ روپے کا ابتدائی فنڈ پانے والے شہروں میں وڈودرا نے 20.62 کروڑ روپے خرچ کئے ہیں، وہیں سیلم نے 5 لاکھ، ویلور نے 6 لاکھ اور تنجاورنے 19 لاکھ روپے استعمال کئے ہیں۔ غور طلب ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے 90 شہروں کو اسمارٹ سٹی منصوبے کے لئے منتخب کیا گیا تھا ان میں سے ہر شہر کو مرکزی حکومت کی طرف سے مختلف منصوبوں کے لئے 500۔500 کروڑ روپے دیے جانے ہیں۔ قوانین کے مطابق حکومت سے مدد حاصل کرنے کے لئے ان شہروں کو اسپیشل پرپس ویکل (SPV) سیٹ کرنا ہوگا ۔ 


Share: